نماز میں اتنی تاخیر کرنا درست نہیں کہ دوسری نماز کا وقت شروع ہوجائے؟


السلام عليكم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
علمائے کرام ومفتیان عظام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ اگر زید ظہر، عصر، مغرب، عشاء میں سے کسی وقت کی نماز پڑھنے میں اتنی تاخیر کیا کہ پڑھتے پڑھتے دوسرے وقت کی نماز کا ٹائم شروع ہوگیا تو کیا زیدکی نماز ادا ہوگئی؟ یا قضا پڑھنی پڑیگی؟ مدلل ومفصل جواب عنایت فرماکر شکریہ کاموقع فراہم کریں،  ساٸل، محمد ارمان علی کٹسر بنارس یوپی

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب 
نماز کو اس کے وقت بلکہ مستحب وقت میں ادا کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے، بلا عذراتنی تاخیر نہیں کرنا چاہیے کہ نماز کا وقت نکلنے لگے، تاہم اگر کسی وجہ سے اتنی تاخیر ہوگئی کہ نماز پڑھنے کی حالت ہی میں اس نماز کا وقت نکل گیا اور دوسری نماز کا وقت شروع ہو گیا تو فجر، جمعہ اور عیدین کے علاوہ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز ادا ہوگی ،اوراس کی قضا کی ضرورت نہیں ہے، لہذا صورۃ مسئولہ میں زید کی نماز ادا ہوگئی، اس کی قضا پڑھنے کی حاجت نہیں ہے،مجمع الانہر میں ہے : لو شرع فی الوقتیۃ عند الضیق ثم خرج الوقت فی خلالھا لم تفسد وھو الاصح" اگر وقتی نماز تنگ وقت (یعنی آخری وقت) میں شروع کی پھر دوران نماز ہی اس نماز کا وقت نکل گیا تو وہ نماز فاسد نہیں ہوگی،یہی زیادہ صحیح ہے، (مجمع الانھر فی شرح ملتقی الابحر، جلد ١ صفحہ ١٤٦ ، باب قضاء الفوائت ،داراحیاء التراث العربی)

البتہ فجر، جمعہ اور عیدین کی نماز دوران نماز وقت نکل جانے سے فاسد ہو جائے گی، نور الایضاح مع مراقی الفلاح میں نماز فاسد کرنے والی چیزوں کے بیان میں ہے : و طلوع الشمس فی الفجر وزوالھا فی العیدین ودخول وقت العصر فی الجمعۃ" فجر کی نماز آفتاب کے طلوع ہونے ، اور عیدین کی نماز زوال آفتاب اور جمعہ کی نماز عصر کا وقت داخل ہونے سے فاسد ہو جاتی ہے،  (نور الایضاح مع مراقی الفلاح ،کتاب الصلاۃ باب مايفسد الصلاۃ ،جلد ١ صفحہ ١٢٢،المکتبۃ العصریۃ)

بہار شریعت میں ہے :وقت میں اگر تحریمہ باندھ لیا تو نماز قضا نہ ہوئی بلکہ ادا ہے، مگر نماز فجر و جمعہ و عیدین کہ ان میں سلام سے پہلے بھی اگر وقت نکل گیا نماز جاتی رہی" (بہارشریعت جلد اول حصہ ٤ صفحہ ٧٠٦،قضا نماز کا بیان)

والله تعالى اعلم بالحق والصواب
محمد اقبال رضا خان مصباحی
سنی سینٹر بھنڈار شاہ مسجد پونہ
٢٨،ذو القعدۃ ١٤٤٥ھ / ٦،جون ٢٠٢٤ء، بروز جمعرات

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے