کیا یہ حدیث شریف سے ثابت ہے کہ "جمعہ عید کا دن ہے"؟



اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ‎
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے تعلق سے کہ زید کا کہنا ہے کہ جمعہ مومنین کے لیے عید کا دن ہے اور یہ حدیث پاک سے ثابت ہے تو پوچھنا یہ ہے کہ کیا واقعی ایسی کوئی حدیث ہے جس میں جمعہ کو مومنین کی عید کہا گیا ہو؟ سائل : انور رضا مہاراشٹرا

وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجــواب بعون الملک الوہاب
جی ہاں! جمعہ کا دن مسلمانوں کے لیے عید کا دن ہے
جیساکہ فقہ اعظم ہند حضور صدر الشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ ـ
حدیث شریف میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جمعہ و عرفہ یہ دونوں دن مسلمانوں کے عید کے ہیں ـ حدیث شریف میں ہے: " عن ابن عباس انہ قرأ "الیوم اکملت لکم دینکم الایۃ" عندہ یھودی فقال لو نزلت ھذہ الایۃ علینا لاتخذنا ھاعیدا فقال ابن عباس فانھا نزلت فی یوم عیدین فی یوم الجمعۃ و یوم عرفۃ رواہ الترمذی -" یعنی" حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ آپ نے یہ آیت پڑھی اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ۔۔۔ الآیہ (ترجمۂ کنز العرفان: آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کردیا) آپ کے پاس ایک یہودی تھا وہ بولا اگر یہ آیت ہم پر اترتی تو ہم اسے عید بنا لیتے ، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ یہ آیت دو عیدوں کے درمیان میں اتری یعنی جمعہ اور عرفہ کے دن -" (مرآت شرح مشکوٰۃ جلد دوم صفحہ ٣٢٩)

مطلب جس آیت کے متعلق تم کہہ رہے ہو یہ اگر یہ ہم پر اتری ہوتی ہم اسے عید کا دن بنا لیتے تو سنو ..! یہ آیت دو عیدوں ( جمعہ اور عرفہ )کے درمیان ہی میں نازل ہوئی ہے اور ہم پہلے سے ہی ان دونوں کو عید مانتے چلے آرہے ہیں - بہار شریف حصہ چہارم صفحہ ۷۵۶ جمعہ کا بیان

دوسری حدیث شریف میں ہے: کہ تمہارے افضل دنوں سے جمعہ کا دن ہے۔ بہار شریعت حصہ چہارم صفحہ ۷۵۳ 

تیسری حدیث میں ہے: کہ جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے اللہ کے نزدیک سب سے بڑا ہے اور اللہ کے نزدیک، عید الالضحیٰ اور عیدالفطر سے بڑا ہے ـ

جیسا کہ حدیث شریف میں ہے: " قال النبی صلی اللہ علیہ وسلم ان یوم الجمعۃ سید الایام و اعظمھا عنداللہ و ھو اعظم عنداللہ من یوم الاضحی و یوم الفطر -"( مرآت شرح مشکوٰۃ جلد دوم صفحہ ٣٢٥ ، بہار شریعت جلد اول حصہ چہارم صفحہ ۷۵۳ جمعہ کا بیان ،ضیاء شریعت جلد دوم صفحہ ۱۰۹)

واللــہ تـعالیٰ اعلـم بالصــواب
کتبـــــہ: احقر العباد محمد مشاہدرضا قادری واسطی

الجواب صحیح
العبد ابوالفیضان الحاج محمد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ‌، مقام کھڑریابزرگ پھلواپور پوسٹ گورا بازار ضلع سدھارتھ نگر یوپی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے