کنڈوم لگاکر حلالہ کرنے سے حلالہ درست ہوگا یا نہیں ؟

 

اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ الله وَبَرَكاتُهُ‎
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل میں کہ اگر کسی عورت کو تین طلاق دی گئی پھر اس نے کسی دوسرے مرد سے نکاح کیا اور اس مرد نے اُس کے ساتھ وطی کی لیکن کونڈم استعمال کیا تو کیا اب پہلے شوہر کے لیے اس عورت سے نکاح کرنا جائز ہے یا نہیں؟ رہنمائی فرما دیجئے گا مہربانی ہوگی۔ سائل : الطاف حسین جمّوں

وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجــوابــــــــــ بعون الملک الوہاب
صورت مستفسرہ میں حلالہ صحیح ہے، اس لئے کہ حلالہ صحیح ہونے کے لئے قوت نفس سے اس طرح دخول کافی ہے کہ دونوں کو لذت جماع حاصل ہو خواہ انزال ہو یا نہ ہو، خواہ آلہ تناسل بلا حائل ہو یا اس پر باریک کپڑا یا کنڈوم ہو کہ یہ مانع لذت جماع نہیں۔ لہٰذا شوہر ثانی نے اگر طلاق دے دیا ہوتو۔ عدت  گزارنے کے بعد شوہر اول سے نکاح کرسکتی ہے۔

چنانچہ بحرالرائق میں ہے کہ ان الشرط الایلاج بشرط کونہ عن قوۃ نفسہ وان کان ملفوفا بخرقۃ اذا کان یجد لذۃ حرارۃ المحل ترجمہ، یعنی، حلالہ کے لئے شرط یہ ہے کہ شوہر آلہ تناسل کو اس کی قوت سے داخل کرے اگرچہ کسی کپڑے میں لپٹ کر جبکہ فرج کی حرارت محسوس کرے۔(البحر الرائق ، الجزاء الرابع (٤) كتاب الطلاق فصل فيما تحل به المطلقہ، صفحہ (۹۴) المكتبة دار الكتب العلمية بیروت لبنان)

اور ،حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی الجامعۃ الاشرفیہ ، ایسے ہی سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں کہ۔ ہاں حلال ہوجائے گی کیونکہ کنڈوم کی وضع اس غرض کے لئے ہوئی ہے کہ میاں بیوی جماع کی لذت سے محظوظ ہوں اور استقرار نہ ہو کنڈوم زوجین کو ایک دوسرے کے عضو خاص کی حرارت محسوس ہونے سے مانع نہیں۔ (آپ کے مسائل۔ مسائل طلاق صفحہ (۱۴۸) مکتبہ، برھان ملت ، جامع مسجد راجہ مبارک شاہ ،مبارک پور اعظم گڑھ) 

 اور حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ و الرضوان تحریر فرماتے ہیں کہ، بہت زیادہ عمر والے سے نکاح کیا جو وطی پر قادر نہیں ہے اُس نے کسی ترکیب سے عضو تناسل داخل کر دیا تو یہ وطی حلالہ کے لیے کافی نہیں ہا ں اگر آلہ میں کچھ انتشار پایا گیا اور دخول ہوگیا تو کافی ہے۔ (بہار شریعت جلد دوم (۲) حصّہ ہشتم (۸) رجعت کا بیان صفحہ (۱۷۹) المكتبة المدينة دعوت اسلامی)

 واللــہ تــــــعالیٰ اعلـم بالصــواب
کتبـــــہ: محمد ارباز عالم نظامی ترکپٹی کوریاں کشی نگر یوپی الهند مقیم حال بريده القصم سعودي عربيہ

الجواب صحیح
مصنف نزہة المسائل خليفة حضور ارشد ملت مولانا محمد معصوم رضا نوری  دامت بركاتهم العاليه۔ بلرام پور

 الجواب صحیح
فقیر محمد صاحب جان رضا حشمتی اختری ارشدی کشی نگر یوپی الہند مقیم حال آندھراپردیش

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے