السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
کیافرماتےہیں علماء کرام اس مسئلہ کےبارےمیں کہ
جسم پر کہیں ایک درہم سےزیادہ نجاست غلیظہ لگ جائے توکیاغسل فرض ہوجائے گا زید کا کہناہے کہ غسل فرض ہوجائے گا اور بکر کہتا کہ غسل فرض نہیں ہوگا بلکہ جس حصے پر نجاست غلیظہ لگی ہے اتنا پاک کرنا واجب ہے تو امرطلب یہ ہے کہ کون صحیح کہ رہاہے زید یا بکر بحوالہ جواب عنایت فرمائیں؟ السائل، محمد جنید خان بہرائچی
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
جسم پر نجاست غلیظہ لگ جائے اگر ایک درہم سے زیادہ ہے تواس حصہ کا پاک کرنا فرض ہے اور اگر درہم کے برابر ہے تو پاک کرنا واجب اور اگر درہم سے کم ہوتو پاک کرنا سنت ہے درمختار میں ہے... وعفاالشارع عن قدردرھم وان کرہ تحریما فیجب غسلہ ومادونہ تنزیھا فیسن وفوقہ مبطل فیفرض (232/1)
حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ والرضوان تحریر فرماتے ہیں، نجاست غلیظہ کا حکم یہ ہے کہ اگر کپڑے یابدن میں ایک درہم سے زیادہ لگ جائے تواس کاپاک کرنا فرض ہے بے پاک کئے نماز پڑھ لی تو ہوگی ہی نہیں اور اگر درہم کے برابر تو پاک کرنا واجب ہے کہ بے پاک کئے نماز پڑھی تو مکروہ تحریمی ہوئی یعنی ایسی نماز کا اعادہ واجب ہے اور قصدا پڑھی تو گنہگار بھی ہوا اور اگر درہم سے کم ہے تو پاک کرنا سنت ہے کہ بے پاک کئے نماز ہوگئی مگرخلاف سنت ہوئی اور اس کا اعادہ بہتر ہے اگر نجاست گاڑھی ہے جیسے پاخانہ, لید, گوبر تو درہم کے برابر, یاکم, یازیادہ کےمعنی یہ ہیں کہ وزن میں اس کے برابر یا کم یازیادہ ہواور درہم کا وزن شریعت میں اس جگہ ساڑھے چارماشہ اورپتلی ہو, جیسے آدمی کا پیشاب اور شراب تودرہم سےمراد اس کی لمبائی چوڑائی ہے اور شریعت نے اس کی مقدار ہتھیلی کی گہرائی کے برابر بتائی یعنی ہتھیلی خوب پھیلا کر ہموار رکھیں اور اس پر آہستہ سے اتنا پانی ڈالیں کہ اس سے زیادہ پانی نہ رک سکے اب پانی کاجتنا پھیلاو ہے اتنا بڑا درہم سمجھا جائے اور اس کی مقدار تقریبا یہاں کے روپے کے برابر ہے (بہارشریعت تخریج شدہ1/389)
لہذا نجاست غلیظہ لگنے سے غسل فرض نہیں ہوگا بلکہ اس جگہ کوہی دھویا جائے گا دھونے کی تفصیل بیان ہوچکی ہے زیدکا یہ کہنا کہ نجاست غلیظہ لگنے سے غسل فرض ہوجاتاہے یہ درست نہیں ے بکراپنے قول میں سچا ہے زید کو چاہئے کہ اپنے قول سے رجوع کرکے توبہ کرے
واللہ اعلم باالصواب
کتبہ؛ المعتصم بذیل سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم العبد المذنب الفقیرمحمدزاھدحسین الامجدی
خادم التدریس والافتاء مدرسہ رضویہ فیض العلوم پرسا سیتامڑھی بہار 31...اگست...2023...14... صفر المظفر شب جمعہ
الجواب صحیح
غلام شمس ملت محمد سلطان رضا شمسی صاحب قبلہ بلہا دھنوشا نیپال
0 تبصرے